لاہور :مسلم لیگ ن کے کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ بھاشا ڈیم کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت نے تمام ضروری زمین ایکوائر کرکے دی ، خیرات سے شوکت خاتم تو چلایا جا سکتاہے لیکن بھاشا ڈیم تعمیر نہیں کیا جا سکتا ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم نے بہت سارے ڈیمز پر کام کیا لیکن تحریک انصاف نے جو 350 ڈیمز بنانے تھے وہ کہاں ہیں؟ ہم نے تو تربیلا اور منگلا ڈیمز پر بھی توسیعی کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو گنہگاروں کی حکومت تھی لیکن اب تو فرشتوں کی حکومت آگئی ہے اور وہ وہ کام ہورہے ہیں جو دنیا میں کہیں نہیں ہوئے ۔ اب چیف جسٹس صاحب کو کیوں پریس کانفرنسز کرنا پڑ رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم سے پوچھا جاتاہے کہ اورنج ٹرین کیوں نہیں بنی ؟ لیکن جب سپریم کورٹ نے سٹے دیئے رکھا تو اورنج ٹرین کیسے وقت پر بن سکتی تھی ؟
انہوں نے کہا کہ حکومت کے عوامی منصوبوں پر جو لمبے لمبے حکم امتناعی آتے ہیں تو یہ منصوبے وقت پر کیسے مکمل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈیم کیلئے پیسے اکٹھے نہ ہوئے تو پھر اس کا مطلب ہے کہ عوام کو عمران خان پر اعتماد نہیں تھا ۔ یہ حکومت ابھی تک صرف سوائے ٹاسک فورس بنانے کے کچھ نہیں کر سکی۔انہوں نے کہا کہ کیا ڈیمز بنانا عدلیہ کا کام ہے ؟انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر ہاتھ ڈالنے کیلئے احتساب کی بات کی جاتی ہے ۔ ہمیں تو سزائیں ہوئیں اور جیلوں میں بھی چلے گئے لیکن دوسال ہوگئے کہ عبد العلیم خان کی انکوائری ہی ختم نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو بھی واپس آنا چاہئے لیکن جو غداری کاملزم ہے اور باہر گھوم رہاہے اس پر نہ کابینہ بات کرنے کو تیار ہے اور نہ ہی عدلیہ کوئی اقدام کررہی ہے ۔