بنوں: سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ حکومت کو مدارس کا نصاب نہیں بدلنے دیں گے۔
بنوں منڈان پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ لوگوں کو آسانیوں اور سہولتوں کے خواب دکھانے والوں نے سب سے پہلے عام آدمی پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے، گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جو عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہے، جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے اور ایسے فیصلے آ رہے ہیں اس کے بعد کیا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ میں دس پندرہ سال سے یہ کہہ رہا ہوں کہ عمران خان کی صورت میں جو تبدیلی آئے گی وہ اسلامی، قومی یا تہذیب کے حوالے سے تبدیلی نہیں بلکہ ملک پر مغرب کی تہذیب مسلط کرنے کی تبدیلی ہوگی، ان سے ریاست مدینہ کی توقع نہیں کی جا سکتی، میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر مغربی تہذیب مسلط کی گئی تو اس کے خلاف جہاد کو اپنا فریضہ سمجھوں گا اور مقابلے کیلیے میدان میں رہیں گے، ہم نئی نسل کو گمراہ کرنے کے بجائے دین کا سیدھا راستہ سکھائیں گے۔