اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے ملاقات کی اوراس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو واپڈا کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ آج چیئرمین واپڈا سے ملاقات کے دوران دیامر بھاشا اور مہمنڈ ڈیمز کی جلد تکمیل پر زور دیا،
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حصے میں سالانہ 45 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔پاکستان میں پانی کے صرف 185 ذخائر ہیں جن میں محض دو ڈیم بڑے ہیں۔
ہمارے مقابلے میں بھارت کے پاس 5000 آبی ذخائر ہیں جبکہ چین میں 4 ہزار بڑے ڈیمز سمیت مجموعی طور پر 84 ہزار آبی ذخائر موجود ہیں، ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ بنانا ہے۔