نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں

کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں زیرعلاج تھیں، گزشتہ رات طبعیت بگڑنے پر انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

               
September 11, 2018 · اہم خبریں, قومی

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنےکے بعد انتقال کرگئیں ۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے خاندانی ذرائع کے مطابق ہارلے اسٹریٹ کلینک میں کینسر کے مرض کے علاج کے لیے زیرِ علاج بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوگیا ہے۔

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبعیت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔
نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ برس جون سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود تھیں، جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی تھیں۔