کلثوم نوازکےانتقال پروزیراعظم،آرمی چیف سمیت دیگرسیاسی رہنمائوں کااظہارافسوس

لندن:سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف اور دیگر رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون

مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کا کہنا تھا کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے بڑا دھچکا ہے، نوازشریف نے ہرمشکل وقت میں اہلیہ سے مشاورت کی، مرحومہ نے گھر بھی سنبھالا، آزمائش پڑی توچاردیواری سے باہرنکلیں۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز مشکل حالات میں باہرنکلیں اورڈکٹیٹر شپ کو چیلنج کیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم خان سوری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اسد قیصر نے بیگم کلثوم نواز کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورنے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ مرحومہ کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر وہمت عطا کرے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نوازنہایت نفیس خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔