بیجنگ: چین کی یونیورسٹی میں وائی فائی کا پاس ورڈ حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کو الجبرا کی ایک مساوات کو حل کرنے کی شرط عائد کردی گئی۔
ریاضی ایک مشکل مضمون ہے اس میں اعداد و شمار کے گورکھ دھندے کے ذریعے الجبرا، جیومیٹری اور ارتھ میٹکس کو حل کرتے وقت طلبا کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں۔ ایسے وقت میں طلبا کی دلچسپی کو برقرار رکھنا اور انہیں الجبرا کی مشکل ترین مساوات کو حل کرنے کے لیے رضامند کرنا اساتذہ کے لیے دشوار گزار مرحلہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب نوجوان طلبا کی انٹرنیٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اس کے بے دریغ استعمال سے ہونے والے وقت کے ضیاع پر بھی اساتذہ کڑھتے رہتے ہیں اور اس کے سدباب کے لیے بے یار و مددگار نظر آتے ہیں تاہم چین کی ایک یونیورسٹی نے اساتذہ کے ان دونوں مسائل کا ایک دلچسپ حل ڈھونڈ نکالا ہے۔
ننجنگ یونیورسٹی برائے طیارہ سازی اور فلکیات نے جامعہ کے کیفے ٹیریا میں استعمال ہونے والے وائی فائی کا پاس ورڈ معلوم کرنے کے لیے طالب علموں کو الجبرا کی ایک مشکل مساوات کو حل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب صرف ان طالب علموں کو پاس ورڈ مل سکے گا جو مساوات کو حل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
جامعہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس عمل سے دہرا فائدہ ہوا ہے ایک تو طلبا میں الجبرا سیکھنے کا شوق بیدار ہوا ہے تو دوسرا ’نکمے قسم‘ کے طالب علموں کو وقت بربا د کرنے کے لیے کیفے ٹیریا میں جائے پناہ نہیں مل سکے گی۔
اس خبر کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کچھ طالب علموں نے الجبرا کی مساوات کو حل کر کے درست جواب سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا اور یہ سلسلہ جاری ہے جس کے بعد سے اب یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر دوسرے دن ’پاس ورڈ‘ تبدیل کرنا پڑتا ہے تاکہ طالب علم دھوکے سے پاس ورڈ حاصل نہ کرلیں۔