کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے لیوسل پیکارڈ چلڈرن ہاسپٹل میں قبل از وقت پیدا ہونے والا بچہ 28 سال بعد اسی اسپتال میں ڈاکٹر بن کر واپس آگیا اورحیران کن طور پر اُس کی دیکھ بھال کرنے والی نرس بھی اس کی ٹیم کا حصہ بن گئی۔ لیوسل پیکارڈ چلڈرن ہاسپٹل کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نرس اوربچے کی ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں پہلی تصویر میں نرس ولما وونگ کی گود میں پری میچیور بچہ برینڈین سیمینیٹور موجود ہے اور دوسری تصویر میں وہی بچہ ڈاکٹر بن کر اس نرس کے ساتھ کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔
فیس بک پر جاری کردہ پوسٹ میں لکھا گیا کہ پہلی تصویر 28 سال پرانی ہے جس میں نرس ولما وونگ کی گود ایک 29 ہفتوں کا پری میچیور بچہ موجود ہے لیکن دوسری تصویر میں یہی دو لوگ اسی اسپتال میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ نرس ولما وونگ کا کہنا تھا کہ برینڈین جب ڈاکٹر بن کر واپس آیا تو مجھے یہ نام کچھ جانا پہچانا لگا اورآخر کار میرے سامنے یہ بات آشکار ہوگئی کہ یہ وہی پری میچیور بچہ ہے جس کی دیکھ بھال میں نے اسی اسپتال میں کی تھی۔