کوہاٹ کے علاقے اخوروال میں موجود کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا اور کان بیٹھ گئی جس کے ملبے تلے 11کان کن دب گئے۔ جن میں سے 9جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔
پولیٹیکل ذرائع کے مطابق واقعے کے فوری بعد امدادی کارروائی شروع کر دی گئی جس کے دوران 9مزدوروں کی لاشوں کونکال لیا گیا، ملبے تلے دبے2 افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے ہے، جاں بحق کان کنوں کی شناخت وزیر، عمرزادہ ولد گجر خان، قدیم گل ولد بخت کامل، نظاراحمد ولد دلفراج، فرمان علی ولد باچا خان، فرمان، شاکر ولد خانزادہ، خلیل اور عمر حسن ولد شیرعالم کے ناموں سے ہوئی ہے۔