حکومت پنجاب کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیرول پر رہائی میں مزید تین دن اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
کلثوم نواز کے انتقال کے بعد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حکومت نے 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی میں جاتی امراء منتقل کیا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ کلثوم نواز کی میت پاکستان آنے میں کسی تاخیر پر پیرول میں مزید اضافہ کردیا جائے گا جب کہ پیرول کی بڑھائی جانے والی مدت آج رات 12 بجے سے شروع ہوگی جو ہفتے کی رات 12 بجے ختم ہوگی۔
اس موقع پر محکمہ داخلہ پنجاب نے جاتی امراء کو سب جیل قرار دیئے جانے کی اطلاعات کی بھی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ شریف فیملی کی جانب سے تینوں شخصیات کی پیرول پر 5 روز کے لیے رہائی کی درخواست دی گئی تھی۔