کراچی:اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل( اے وی سی سی ) اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی ( سی پی ایل سی) نے کراچی اور بلوچستان میں مشترکہ کارروائی کی اور کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 3 اغوا کار گرفتارکرلئے ہیں ۔
ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسفزئی نے پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ گرفتار ملزمان سے تاوان کی رقم ،اسلحہ اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ گرفتار ملزمان میں روح اللہ ، مختار اور نعیم شامل ہیں ،ان کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے ،یہ تمام لوگ اغوا برائے تاوان کی واداتیں کرتے تھے ۔
ملزم نعیم پولیس اہلکاروں کے قتل،اغوا برائے تاوان سمیت دیگر واداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ،گروہ کی گرفتار ی کے لئے مشترکہ کارروائی کی گئی ۔
ڈی آئی جی سی آئی اے نے مزید کہاکہ ملزمان نے6 فروری کو محمد راحیل کو گلستان جوہر سے اغوا کیا اور مغوی کی رہائی کےلئے 10کروڑ روپے تاوان طلب کیا ۔
امین یوسفزئی کا کہناتھاکہ مغوی کے بھائی کو افغانستان کے نمبروں سے تاوان کی کالز آتی تھی۔ گھروالوں نے 1کروڑ ڈیڑھ لاکھ روپے دے کر مغوی کو رہا کرایا۔