انقرہ:پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ترک حکومت کی طرف سے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ ’لیجن آف میرٹ ‘سے نوازا گیا۔
انقرہ میں ترک فضائیہ کے ہیڈ کواٹرز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئر چیف مجاہد انور خان کو ہیڈ کوارٹرز آمد کے موقع پر ترک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
اس کے بعد ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل حسن کیچیکاکیاز سے ملاقات کی، جس میں دونوں معزز شخصیات نے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران ائیر چیف نے اعلیٰ ایوارڈ دینے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں پر محیط قابل رشک تعلقات ہیں،جبکہ جنرل حسن کیچیکاکیاز نے دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔