اسلام آباد:حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں ردو بدل نہ کرنے اور میٹروپرجیکٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کیاہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اِنکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کی سفارشات کابینہ نےمسترد نہیں کیں، انہیں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ابھی تنخواہ دار طبقے کی ٹیکس شرح میں ردو بدل کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میٹروپروجیکٹس پرآنےوالی لاگت کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔3میٹروپروجیکٹس پر8 ارب روپے سبسڈی کی مدمیں خرچ ہوتے ہیں جبکہ اسلام آبادمیٹرو پر4اشاریہ 2 ارب روپے کی سبسڈی حکومت دیتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ان میٹرو پروجیکٹس پر سبسڈی دینے سے انکارکردیے یہ پروجیکٹ آج ہی بند ہوجائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 7.5 ارب روپے کی سرکاری زمین خالی کروائی ہے، آپریشن جاری رہے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ارشد خان کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کرنے اور بورڈ آف گورنرز کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے بورڈ میں 14 ارکان ہوں گے جس میں بورڈ کے چیئرمین ,وزیراطلاعات، وائس چیئرمین، سیکریٹری اطلاعات شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ بورڈ میں بیرسٹر علی ظفر، زبیر خالق اور ارشد خان بھی بورڈ میں شامل ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے ڈیم فنڈ کے اقدام کوسراہا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ کی رقم کو ٹیکس سے استثنا کا معاملہ پارلیمنٹ میں لےجائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک سے رقوم اور اثاثوں کی واپسی کے لیے ریکوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔