لاہور :وزیراعظم عمران خان کی اپیل کے بعد ڈیمز فنڈ میں پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عطیات جمع کرائے جا رہے ہیں تو دوسری جانب نجی یو بی ایل کی لاہور میں واقع برانچ کا ملازم ڈیمز فنڈ میں جمع کرائی جانے والی رقم نامعلوم اکاؤنٹ میں منتقل کرتا ہوا پکڑا گیاہے۔ نجی ویب سائٹ کے مطابق ایک شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ جب وہ رقم جمع کرانے گیا تو ڈیپوزٹ فارم بھرا گیا اور پھر رقم جمع کرائی گئی جس کے بعد ڈیوٹی پر موجود کیشئر نے ڈیپوزٹ فارم پر دستخط کئے اور مہر لگائی اور زبانی ہی بتا دیا کہ آپ کی رقم ڈیمز فنڈ میں منتقل ہو گئی ہے۔رقم کی منتقلی کے حوالے سے تذبذب کے شکار شہری نے کیشئر سے ڈیپوزٹ سلپ مانگی تو اس نے سلپ دینے سے صاف انکار کر دیا اور یہی کہتا رہا کہ اس کی رقم ڈیمز فنڈ میں منتقل ہو گئی ہے۔
شہری اس تمام صورتحال کو مزید جانچنے کیلئے دوسری برانچ سے مزید 500 روپے فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا۔ وہ اسی بینک کی ایک اور برانچ پر گیا اور رقم جمع کروائی تو کیشئر نے حیران کن طور پر اسے ڈیپوزٹ سلپ فراہم کر دی جس پر ڈیمز فنڈ کیلئے اکاؤنٹ نمبر اور رقم کی منتقلی کی تفصیلات بھی درج تھیں۔مذکورہ برانچ منیجر سے جب اس حوالے سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے تصدیق کی کہ اگر کوئی کسٹمر اصرار کرے تو اسے ڈیپوزٹ سلپ فراہم کرنا لازمی ہے اور جب اسے پہلی برانچ کے کیشئر کے روئیے سے متعلق بتایا تو انہوں نے بھی اس کے روئیے پر شک کا اظہار کیا۔
جس کے بعد متاثرہ شخص اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دوبارہ پہلی برانچ پر پہنچ گیا اور آپریشن منیجر کو ساری صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے جواب طلب کیا، جس پر اس نے ڈیمز فنڈ کیلئے جمع کرائی جانے والی رقم نامعلوم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کا اعتراف کر لیا مگر اسے غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذکورہ اکاؤنٹ سے رقم واپس حاصل کر کے ڈیمز فنڈ کیلئے مخصوص اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔