اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترکی اور پاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی اور عوامی تعلق قائم ہے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں پاکستان اور ترکی وزرائے خارجہ کی مشترکہ کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ ترکی کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ اور مثالی تعلقات ہیں، ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور آج کے مذاکرات میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل چاہتے ہیں، ایف اے ٹی ایف میں ترکی نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ترکی کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس جلدبلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولوسے معاشی، تجارتی تعلقات، نوجوانوں کے تبادلے سمیت کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نےکہا کہ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام پروزیر اعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک ترک دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔