اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوں گےجہاں انکی افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اور افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔
اطلاعات کےمطابق افغان وزارت خارجہ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوں گے جبکہ دوطرفہ تجارتی امور اور افغانستان-پاکستان ایکشن پلان فارپیس اینڈ اسٹیبلیٹی پر بھی بات ہوگی،ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر بات چیت کی جائے گی۔
مذاکرات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا جبکہ خطے سے دہشتگردی کے خاتمے اور افغان مسئلے کے مستقل حل پر بات چیت ہوگی۔
خیال رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے حلف کے بعد سب سے پہلے افغانستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا،جبکہ افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نےبھی پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی افغان صدر کو وزیراعظم کی جانب سے پاکستان دورے کی دعوت دیں گے۔افغان صدر اور وزیر خارجہ دسمبر 2015 میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے تھے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہفتے کی شام کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔