وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

 

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیرِ خارجہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے۔ پُرامن افغانستان محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔اجلاس میں ملکی سلامتی، خطے کی سیکورٹی صورتحال اور مختلف دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ افغانستان اور وزیرِاعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عسکری قیادت نے وزیرِاعظم کو افغانستان کے ساتھ بارڈر منیجمنٹ، سرحد پر لگائی جانے والی باڑ اور سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے۔ پاکستان افغانستان میں سیاسی استحکام اور قیامِ امن کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔