وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، ان کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، ڈی جی افغانستان، ڈی جی ملٹری آپریشن بھی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابل پہنچنے کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر صدارتی محل جائیں گے جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ظہرانے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات ہوگی جس کے بعد وزیر خارجہ واپس پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نئی حکومت کی جانب سے سب سے پہلے کابل کا دورہ کرنا پاکستان کی افغانستان اور علاقائی امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کامیاب دورے سے مستقبل میں امن مذاکرات اور باہمی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔