میانوالی میں مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور 7بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے باعث 20 مسافرزخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور 7 بوگیاں پٹری سے اترگئیں ۔
حادثے کے باعث 20 مسافر زخمی ہوگئے، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک بند ہوگیاجب کہ دو روز قبل چلائی جانے والی میانوالی ریل کار بھی بند ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مسان ریلوے اسٹیشن جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث امدادی کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کو دیگر مقامات سے ملانے والا سواں پل بھی ٹوٹا ہوا ہے جس کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔
ریسکیو حکام نے کندیاں اسٹیشن سے بھی امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہے۔ ریسکیو انچارج کا کہنا ہے کہ ٹرین کو حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا اور جس جگہ پر ٹرین الٹی ہے وہاں صرف ریلوے ٹریک کے ذریعے ہی پہنچا جاسکتا ہے۔