وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
عمران خان کراچی ایئر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مزار قائد روانہ ہوئے جہاں پر انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔
عمران خان اپنے دورہ کراچی میں مزار قائد پر حاضری سمیت امن و امان اور وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیراعظم کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوگا جس میں کراچی آپریشن سے متعلق پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے حکام بریفنگ دیں گے۔
دورہ کے دوران وزیراعظم کراچی پیکیج اور وفاقی حکومت کے تحت چلنے والے میگامنصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ اس کے علاوہ وہ گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم کی دورہ کراچی کے دوران ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے وفود سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ عمران خان گورنر ہاؤس میں ڈیمز سے متعلق فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کریں گے اور آج رات ہی کراچی سے واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔