کراچی میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں گورنرسندھ، وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز سمیت متعلقہ اداروں کے حکام شریک ہیں، اجلاس میں چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر حکام کراچی میں جاری آپریشن پر وزیراعظم کو بریفنگ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے کے بعد ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس کے بعد عمران خان مزار قائد پہنچے جہاں انہوں نے حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔