لاہور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، بلاشبہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر خاتون تھیں، قوم جمہوریت اور ملک کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا.
انہوں نے مزید کہاکہ شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آخری وقت میں کلثوم نواز کے ساتھ نہ ہونے پر سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اس تکلیف میں ہمارا ساتھ دیا۔
پیپلز پارٹی کا وفد نواز شریف کی اہلیہ کی تعزیت کے لیے جاتی امراء لاہور پہنچا جب کہ وفد میں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔