اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیرِداخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی۔ ساجد جاوید اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور اثاثوں کی واپسی پر تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے موجودہ تاریخی تعلقات کو کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پرزوردیا جب کہ برطانوی وزیرِداخلہ ساجد جاوید نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت آگے بڑھانے کی برطانوی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔