اسلام آباد:پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور احتساب سے متعلق ایک معاہدہ بھی کیا گیا جس کا مقصد مختلف جرائم کے خاتمے کے لیے معاونت کرنا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد اکبر نے کہا کہ معاہدے کا مقصد لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہے اور ملزمان کے تبادلے کے معاہدے کی تجدید کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیر قانون فروغ نسیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بہترین قابل اعتماد دوست ہے، وزیراعظم، وزیرخارجہ اور وزیر قانون سے مثبت بات چیت ہوئی، وزیراعظم عمران خان کو حکومت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، فخرہے کہ 12 پاکستانی برطانوی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کرپشن کا خاتمہ پاکستان اور برطانیہ کی ترجیح ہے، قانون کی حکمرانی اور احتساب کا عمل چاہتے ہیں، برطانیہ کے تفتیشی ادارے آزاد ہیں۔
اس موقع پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ برطانوی وزیرداخلہ کے ساتھ کسی انفرادی کیس پر بات نہیں ہوئی اور معاہدہ کسی ایک فرد کے لیے نہیں کیا گیا بلکہ وسیع پیمانے پر کیا گیا ہے۔