لاہور:مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز اورداماد کیپٹن (ر) صفدر کی پرول پر رہائی کی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد تینوں رہنما جاتی امرا سے اڈیالہ جیل منتقل ہوگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر لاہور سے راولپنڈی کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہوئے اور راولپنڈی پہنچنے پر تینوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
راولپنڈی روانگی سے قبل جاتی امراء میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے والدہ سے ملاقات بھی کی۔
واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لیے پرول پررہا کیا گیا تھا جس کی مدت آج ختم ہوگئی ۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے پہلے 12 گھنٹے کے لیے پرول پر رہا کیا تھا جس کے بعد اس کی مدت میں 4 روزکی توسیع کی گئی، اور اب ان کی پرول پر رہائی میں کچھ ہی گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔