اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور بہت سے لوگوں کو اعتراضات ہیں،انہوں نے کہاکہ ڈیمز کی مخالفت پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے، آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے۔
چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے کا ذکر نہیں کیا گیا،حکومت نے پارلیمانی کمیشن نہ بنایا تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پرغور ہوسکتا ہے۔
بلاول بھٹو نےحکومت کوانتخابات میں دھاندلی پرکمیشن بنانے کیلئے کل تک کی ڈیڈلائن دے دی اور کہا کہ دھاندلی پر کل تک پارلیمانی کمیشن نہ بنا تو پیپلز پارٹی احتجاج کرے گی۔
علاوہ ازیں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے صحافی کے سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ میں جنازوں پر سیاست نہیں کرتا، جب تعزیت کے لیے جاتا ہوں تو صرف تعزیت کرتا ہوں۔