اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کو 100 دن تک نہیں چھیڑیں گے تاکہ ایک دفعہ لوگوں کو وہ 200 ارب ڈالر جو انہوں نے باہر سے لانے تھے، وہ لاکر دکھا دیں ۔
انہوں نے کہاکہ 50 گاڑیاں، پرانے ناکارہ ہیلی کاپٹرز کی نیلامی اور گورنر ہاؤس میں ٹکٹوں پر سیر و تفریح کرانے سے پاکستان نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہاکہ جو نئے پاکستان کا سودا بیچا گیا تھا، اب لوگوں کو اس کی اصلیت پتہ لگ رہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی چیمپئن مسلم لیگ (ن) ہے جس نے پہلی بار 122 ارب روپے خرچ کرکے 14 ہزار ایکڑ سے زیادہ زمین حاصل کی جب کہ اس کی فنانسنگ کے لیے 123 ارب روپے مختص کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے غریب عوام پر بجلی، گیس اور ایل پی جی کی مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے۔