برطانیہ میں گرفتار پاکستانی شخصیت کے نام کاپتہ چل گیا

 

کراچی : منی لانڈرنگ کیس میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی کارروائی میں ایک پاکستانی کی گرفتاری اور رہائی کے معاملے میں پاکستانی شخصیت کے نام کاپتہ چل گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ میں گرفتار شخص کا نام فرحان جونیجو ہے، مذکورہ شخص ٹڈاپ اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے،

یہ شخص ٹڈاپ اسکینڈل میں امین فہیم کا فرنٹ مین تھا، اس اسکینڈل میں یوسف رضاگیلانی کا بھی نام شامل ہے۔ذرائع کے مطابق 2013میں فرحان جونیجو نے ٹڈاپ میں فراڈ کر کے رقم لوٹی اور پاکستان سے امریکا فرار ہوگیا تھا، فرحان نے دبئی ،امریکا، سوئٹزرلینڈ کے بعد رقم برطانیہ منتقل کی، برطانیہ میں مانیٹرنگ کے بعد فرحان جونیجو کوگرفتار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹڈاپ اسکینڈل میں 7 ارب روپے کی رقم حوالہ و ہنڈی کے ذریعےامریکا بھجوائی گئی تھی، فرحان جونیجو نے 750ملین کی رقم بیرون ملک منتقل کی تھی، یہ رقم والدہ، بہن، بھائی اور بیوی کے مشترکہ اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔فرحان جونیجو یوسف رضاگیلانی، مرحوم امین فہیم کا قریبی ساتھی تھا۔ تفتیشی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فرحان جونیجو سندھ حکومت سے ڈیپوٹیشن پر وزارت تجارت میں ڈائریکٹر تعینات تھا۔اس کے پاس پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانوی شہریت بھی تھی، ایف آئی اے نے اس سے تفتیش کے دوران حوالہ و ہنڈی کامقدمہ بھی درج کیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے افسران نے کچھ دن قبل پاکستان کا دورہ بھی کیا، دورے کے دوران ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس سے متعلق بات چیت ہوئی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق لندن جانے والی رقوم کا بھی ذکر کیا گیا،این سی اے نے منی لانڈرنگ پرمدد کرنے کی خود سے پیشکش کی تھی۔