استعمال شدہ پلاسٹک سے بنا منفرد پل

 

ایمسٹرڈیم: بہت سے معاشروں میں استعمال شدہ پلاسٹک کو بیکار اور ناکارہ چیز سمجھ کر پھینک دیا جاتا ہے حالانکہ تھوڑی سی محنت اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے کارآمد بنایا جا سکتا ہے۔ ہالینڈ میں استعمال شدہ پلاسٹک کو کامیابی سے استعمال میں لایا گیا ہے اور اس کے ذریعے ایک پل تیار کیا گیا ہے جسے سائیکل سوار استعمال کر سکیں گے۔

بیکار سمجھے جانے والے پلاسٹک کے ذریعے بنائے جانے والے اس راستے کی تعمیر کا مقصد یہی ہے کہ استعمال شدہ پلاسٹک کو ضائع ہونے سے بچایا جائے تاکہ وہ کچرے کی نذر نہ ہو سکے۔ہالینڈ میں پلاسٹک والی بوتلوں کے ڈھکنوں سے ایک سائیکل ٹریک بنایا گیا ہے، ان بوتلوں کی تعداد تقریبا 5 لاکھ ٹن ہے جبکہ یہ پل 30 میٹر لمبا ہے۔ اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ پلاسٹک کا یہ ٹریک روایتی سڑک کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ عرصے تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

دنیا بھر میں ہر روز ہزاروں ٹن پلاسٹک کچرے کی نذر ہوجاتا ہے لیکن اگر ہالینڈ کی طرح ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تو اس کچرے کو بھی کار آمد بنایا جا سکتا ہے۔