کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے محرم الحرام کے بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا۔
نقیب قتل کیس کی سماعت کے بعد کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق ایس ایس پی ملیر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5اعلیٰ افسران بھی جے آئی ٹی میں تفتیش صحیح نہیں کر سکے، جے آئی ٹی میں میرا فون نمبر تک غلط درج کیا گیا۔
اس موقع پرراؤانوار نے چند روز بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے، وہ یہ پریس کانفرنس محرم کے بعد کریں گے۔
اس سے قبل نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت آج انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔
سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
تاہم کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی رخصتی کے باعث 11 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔