کوئٹہ:وزیرا عظم عمران خان کے مہاجرین سے متعلق دیے گئے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتےہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہاکہ ملکی فیصلوں پر قوم کو اعتماد میں لینا ضروری ہےوزیراعظم کی جانب سے مہاجرین کی شہریت سے متعلق بیان پر کئی تحفظات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ دنیا کے ہر ممالک کے اپنے قوانین ہوتے ہیں، مہاجرین کے متعلق موجود پہلے سے طے شدہ پالیسی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ دنوں کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں پیدا ہونیوالے افغانوں کے بچوں اور چالیس سال سے مقیم بنگالیوں کو شناختی کارڈز کے اجرا کیلئے وزارتِ داخلہ سے گزارش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگالی چالیس سال سے پاکستان میں مقیم ہیں، یہ بھی انسان ہیں اور ان کے بھی حقوق ہیں۔