لاہور : پشاور ہیلی کاپٹر کا معاملہ ریفرنس میں چلا گیا تو عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق معروف صحافی سلیم صافی نے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر سے سوال کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی ان لوگوں کے خلاف کیا پالیسی ہو گی جن کے خلاف نیب میں کیسز چل رہے ہیں۔ جس کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات کیسز اور تحقیقات کی ہے تو وہ معاملہ دیکھا جا رہا ہوتا ہے۔
بابر اعوان کے خلاف ریفرنس فائل کیا گیا تو انہوں نے خود استعفی دے دیا۔اور میرے خیال سے ان کا یہ اقدام بہت اچھا ہے۔کیونکہ اگر بابر اعوان بے گناہ ثابت ہوتے ہیں تو پھر وہ اپنا منصب دوبارہ سنبھال لیں گے۔جس کے بعد سلیم صافی نے سوال کیا کہ اگر ہیلی کاپٹر کیس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف معاملہ ریفرنس تک چلا گیا تو کیا عمران خان بھی وزارت عظمی کے منصب سے الگ ہو جائیں گے ؟۔
جس کا جواب دیتے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا احتساب قانون کے مطابق ہو گا۔اگر اس حکومت کے ایک وزیر ریفرنس دائر ہونے پر مستعفی ہو سکتے ہیں تو بات اگر عمران خان تک جائے تو وہ وزارت عظمی کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔عمران خان واضح طور پر نواز شریف کے معاملے میں بھی کہتے تھے کہ ان کو استعفی دے دینا چاہئے تھا۔اس لیے اگر بات عمران خان سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کی ہو تو وہ اصول پسند آدمی ہیں۔