اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی وژن کرپشن کیس میں نامزد ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت5 ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن شاہد مسعود کے وارنٹ گرفتاری کے معاملہ پر سماعت کی۔
درخواست گزار شاہد مسعود اپنے وکیل شاہ خاور کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے ذاتی حیثیت میں پیش نا ہونے پر درخواست ضمانت منسوخ کی جب کہ تفتیشی افسر سے مکمل تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ملزم کو ضمانت دی جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد شاہد مسعود کو 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 28 ستمبر تک عبوری ضمانت دے دی۔