ملائشین کمپنی نے پاکستان کے ساتھ 940 ملین ڈالر کا معاہدہ منسوخ کر دیا

 

کوالا لمپور: ایشیا میں موبائل انفراسٹرکچر فراہم کرنے والی ملائشین کمپنی ایگزیاٹا نے پاکستان کے ساتھ ایک ٹیلی کام ٹاور کمپنی خریدنے کا 940 ملین ڈالر کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ایگزیاٹا کے ذیلی ادارے ایڈوٹکو کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ دیودار(ٹیلی کام کمپنی) کو خریدنے کے عمل کو آگے نہیں بڑھائے گی۔ واضح رہے کہ دیودار پاکستان موبائل کمیونیکیشن کا ایک یونٹ ہے جس کے پاس 13000 ٹاورز ہیں۔

ڈیل منسوخ کیے جانے سے متعلق ایگزیاٹا کی جانب سے جاری ایک بیان میں وضاحت کی گئی کہ ریگولیٹری اپروول کے ساتھ ساتھ فروخت سے متعلق کچھ شرائط پوری نہیں کی گئی تھیں۔ چیف ایگزیکٹو سریش سدھو کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات بحال رکھیں گے اور پاکستان میں موجود اپنی یونٹ کے زیر سایہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رکھیں گے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی کاروباری تعلقات بہتر بنائیں گے۔ ایڈوٹکو ملائیشیا سمیت پاکستان، سری لنکا، کمبوڈیا، بنگلہ دیش اور میانمار میں 28 ہزار سے زائد ٹیلی کام ٹاورز کا علاقائی پورٹ فولیو چلاتی ہے۔