اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ شریف خاندان ابھی بھی ثابت نہیں کرسکا کہ ان کی ملکیت میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔
نواشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکومتی رد عمل سامنے آیا اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ ہم عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں، پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہےجو اپنی سرگرمیاں خود کرتا ہے، حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ حکومت اور عوام کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، قوم چاہتی ہے کہ اس کی کی لوٹی گئی دولت واپس لائی جانی چاہیے، حکومت اس بنیادی ہدف کا حصول یقینی بنائے گی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے کردار کے حوالے سے قوم کی نظروں میں کوئی ابہام باقی نہیں، شریف خاندان ابھی بھی ثابت نہیں کرسکا کہ ان کی ملکیت میں اربوں روپے کہاں سے آئے، پروسیجرل بنیادوں پر آج کا فیصلہ سامنے آیا ہے، معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ لے گا۔