بیجنگ: چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ سی پیک کی مخالفت کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے یہ منصوبہ ہرصورت مکمل کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی دعوت پر چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی جس میں علاقائی سکیورٹی اور چیلنجز پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار بھی شریک تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چینی صدر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے،چین اپنے دوست ملک پاکستان کا بطور اسٹریجک پارٹنر تعاون جاری رکھے گا،وہ عناصر جو ون بیلٹ اینڈ ون روڈ منصوبے اور سی پیک کی مخالفت کررہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، یہ منصوبے نہ صرف چین بلکہ خطے میں امن و ترقی کے ضامن ہیں۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر کی جانب سے دورے کی دعوت اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہنے پر صدر شی چن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سی پیک کامیابی سے مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبے کی ہر قیمت پر سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی۔