ریاض: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں جب بھی ضرورت پڑی سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ دورہ سعودی عرب کے دوران عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان میں جب بھی کوئی اقتدار میں آتا ہے تو وہ سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کرنا چاہتا ہے۔
دنیائے اسلام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لیبیا، افغانستان، شام اور دیگر اسلامی ممالک میں تنازعات نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ امت مسلمہ میں تنازعات نے ہم سب کو کمزور کیا ہے اور ان تنازعات کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے، پاکستان مسلم ممالک میں تنازعات ختم کرنے اور مفاہمت پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم ہمیشہ سعودی عرب کی حمایت جاری رکھیں گے۔