تبدیلی سرکار کا ریڈیو ،پی ٹی وی عمارتوں میں یونیورسٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ

 

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے وزیر اعظم ہاؤس کے بعد ریڈیو اور پی ٹی وی اکیڈمی کی عمارتوں میں بھی یونیورسٹیاں قائم کرنے اور ریڈیو پاکستان کی 7منزلہ عمارت کو طویل مدت کے لئے لیز پر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس میں عالمی معیار کی پاک میڈیا یونیورسٹی قائم کی جائے گی نجی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں ریڈیو کو ایک کمرے سے بھی چلایا جا سکتا ہے، ملک کو ریسرچ انسٹیٹیوشنز کی ضرورت ہے،ریڈیو پاکستان کی عمارت کی طرح دیگر عمارتوں کو بھی لیز پر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کی تیاریاں کر لیں ہیں۔اس حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان براڈ کاسٹنک کارپوریشن کی بلڈنگ کو لیز پر دینے کے لیے پروپوزل بھی مانگ لی ہے۔

اس حوالے سے باقاعدہ لیٹر بھی جاری کیاگیا ہے جس پر عملدرآمد کے حوالے سے ریڈیو پاکستان میں اجلاسوں کا انعقاد اور غورشروع کردیاگیاہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان ہیڈکوارٹرز کی کثیرالمنزلہ عمارت کی طرح دیگرسرکاری عمارتوں کو بھی لیز پر دیا جائے گا، وزارت منصوبہ بندی کے مشورہ کے ساتھ پی ٹی وی اکیڈمی میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، ریڈ زون میں واقع پی ٹی وی کی عمارت کے حوالے سے لیز کا کوئی ارادہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کی عمارت میں پاک میڈیا یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ ریڈیو پاکستان کی تنظیم نو کے حوالے سے ڈاکٹر عشرت حسین کام کر رہے ہیں ،جب تک بین لاقوامی معیار کی یونیورسٹی قیام عمل میں نہیں لایا جاتا ہم دوسروں پر انحصار کریں گے ۔