وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے مذاکرات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد میں کرانے کی پاکستانی تجویز مسترد کردی۔
بھارت نے سارک سربراہ اجلاس کیلئے پاکستان کی میزبانی کی مخالفت کردی ہے اور اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا کہنا ہے کہ موجودہ ماحول پاکستان میں سارک سربراہ اجلاس کیلئے مناسب نہیں۔
ترجمان بھارتی وزارت کارجہ کے مطابق سارک سے متعلق بھارت کا مؤقف واضح اور مستقل ہے، پاکستان کی میزبانی میں سارک اجلاس ہونا مشکل ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے خط میں سارک اجلاس پر بھی بات کی تھی اور ساتھ ہی مذاکرات بحال کرنے کی بھی پیشکش کی تھی۔
بھارتی حکومت مذاکرات بحال کرنے کی پیشکش قبول کرتے ہوئے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر رضامند ہوگئی ہے اور نیویارک میں 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات طے پاگئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو اپنے عوام، آئندہ نسلوں کی بہتری اور امن کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔