نائیکوپ کارڈ کی شرط ،لاکھوں سمندر پارپاکستانی ووٹ رجسٹریشن سے محروم

 

اسلام آباد: پاکستان کی بیوروکریسی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ہاتھ کر گئی ،ضمنی انتخابات میں نائیکوپ کارڈ کی شرط کے باعث لاکھوں پاکستانی اپنا ووٹ رجسٹرڈ نہ کروا سکے۔تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے کے بعد کہا جارہا تھا کہ پاکستان کی تاریخ بدل گئی ، ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانی ضمنی انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق 14 اکتوبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹ کا حق ملنے کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کوئی خاصا جوش و خروش نہیں دکھایا جا رہا ۔ اطلاعات کے مطابق محض 10 ہزار سے بھی کم لوگوں نے خود کو اس سسٹم کے تحت رجسٹر کروایا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی عدم دلچسپی نہیں بلکہ پاکستان کی افسر شاہی ان کے ساتھ ہاتھ کر گئی ہے۔ووٹ رجسٹر کروانے کے لیے نائیکوپ کارڈ کی شرط اوورسیز پاکستانی پورا نہ کر پانے کے باعث خود کو رجسٹر نہیں کروا سکے اور یوں وہ ووٹ کا حق بھی استعمال نہیں کر پائیں گے۔

یاد رہے کہ نائیکوپ کارڈ ایک سمارٹ کارڈ تھا جو پرویز مشرف دور میں 40 سے 50 پاونڈ کے عوض دیا گیا تھا اور اسکا کام بھی شناختی کارڈ جیسا ہی ہے۔تجزیہ کاروں کا موقف ہے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے ہوتے ہوئے بھی نائیکوپ کارڈ کی شرط اوور سیز پاکستانیوں کو ضمنی انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش ہے۔