اسلام آباد:سعودی عرب نے پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے جس پر اگلے ماہ سے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب میں 90 فیصد کامیابی ملی ہے کیونکہ پاکستان سی پیک معاہدے میں سعودی عرب سے 15 ارب ڈالر پیکیج کا خواہشمند تھا مگر 10 ارب ڈالر کا باقاعدہ معاہدہ ہوا ہے اور اس کے تحت مختلف منصوبے تعمیر کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقتصادی پیکیج کے تحت سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی بنائے گا جو اس سے پہلے چین بنانے جا رہا تھا اور اس حوالے سے باقاعدہ معاہدہ بھی ہو گیا تھا تاہم پاکستان نے سعودی حکومت کیساتھ معاہدے سے پہلے چین سے مذاکرات کے انہیں باقاعدہ اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے سعودی حکام کے سامنے بھارتی شرانگیزی کا معاملہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ کس طرح بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے مداخلت کر رہا ہے اور بلوچستان میں ان کی خفیہ ایجنسی کس طرح سرگرم ہیں۔
واضح رہے کہ دورہ سعودی عرب پر وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی آج پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور چین کے ساتھ سعودی عرب بھی سی پیک کا تیسرا اہم شراکت دار ہو گا اور اس منصوبے میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا،اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آئے گا جس میں سعودی وزیرتوانائی اور اعلیٰ شخصیات شامل ہوں گی۔