اسلام آباد: یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ دن ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں مسلمان نواسہ رسول امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ مقاصد، استقامت اور حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین نے ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں سب کی بقا ہے۔