کراچی میں یوم عاشور کا جلوس روایتی راستے پر گامزن

 

کراچی میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔

شہر کی فضائی نگرانی بھی کی جاری ہے، شہر میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر آج رات 12بجے تک پابندی عائد ہے۔

یوم شہادت حسین رضی اللہ عنہ پر کراچی میں 10 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا اورامام حسین ؓکی تعلیمات اور عظیم قربانی پر روشنی ڈالی، مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزراء ،سینئر پولیس اور رینجرز کے افسران نے جلوس کی گزرگاہ کا معائنہ کیا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، راستے میں آنے والی تمام دکانوں اور کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا ہے۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کی بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئیپنگ کرائی گئی، ہیلی کاپٹر سے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شہرمیں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے، جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی عائد ہے۔

جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا۔