مذاکرات منسوخ کرنا پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش ہے:عبدالباسط

 

اسلام آباد:بھارت میں تعینات سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اٹھانا چاہیے،پاکستان سے مذاکرات منسوخ کرکے بھارت دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کو دیکھنا ہے کہ ہمارے مفاد میں کیا ہے؟۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےعبدالباسط کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران پاکستان کی ڈپلومیسی خراب رہی ہے، اس دوران پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر زیادہ فوکس نہیں رکھا، بھارت چاہتا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ یو این میں نہ اٹھائیں،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اٹھانا چاہیے۔سابق پاکستانی ہائی کشمنر عبد الباسط کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں موجودہ حکومت پاکستان کا ٹھوس مؤقف دنیا کے سامنے رکھے گی، پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ ہونا چاہیے، معاملات آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے مؤقف کو ٹھوس انداز میں اپنانا ہوگا۔