عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف کی عام انتخابات میں کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا ہے۔
سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 سےپی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداری دائرکردی،جس میں عثمان ڈار نے موقف اختیار کیا ہے کہ خواجہ آصف کاغذات نامزدگی میں غیر تصدیقی شدہ بیان حلفی جمع کرایا اورکاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کا عملہ الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد میں ناکام رہا اور 53 پولنگ اسٹیشنز کے پولنگ بیگز انتخابات کے اگلے روز جمع کرائے گئے۔
درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ 1406 ووٹوں کے فرق کی وجہ سے دوبارہ گنتی کا حکم دیا جانا چاہیے۔ انتخابی عذرداری میں استدعا کی گئی کہ این اے 73 سے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔