اسلام آباد :تحریک انصاف کی حکومت نے مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ کرلیا ،اس حوالے سے مسودہ بھی تیارکرلیاگیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس آج لاہور میں ہوگا ۔پی ٹی آئی کے مقامی نظام میں وفاق، پنجاب اور پختون کے اضلاع میں انتظامی سربراہ میئراور تحصیل کا سربراہ ڈپٹی میئر ہوگا ،جس کا انتخاب براہ راست ہوگا جبکہ نیا لوکل باڈی سسٹم مکمل آ زادہوگا۔نئے مقامی حکومتوں کےکے نظام کےلئے تیار مسودے میں پولیس کا محکمہ، ضلعی انتظامیہ ، مالی اختیارات میئر کے پاس ہوں گے ،وہی اے سی آر بھی لکھے گا ۔نئے نظام کے تحت صوبائی وزیراعلیٰ اور وزرانئے مقامی حکومتوں کے نظام میں مداخلت نہیں کرسکیں گے ،مسودے میں پی ٹی آئی حکومت کو مقامی حکومتوں کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی تجویز دی گئی ہے ،نئے نظام میں ضلع کونسلز اور یونین کونسلز ہوں گی، جن کےارکان کا انتخاب بھی براہ راست ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر اعلی سطح مشاورتی اجلاس اتوار کو لاہور میں طلب کر لیاگیا۔ مشاورت کےبعد نئی اصلاحات کی منظوری دیےجانے کا امکان ہے، اتحادیوں کی ایک تجویز ناظم ونائب ناظم کےنام کو برقرار رکھنے کی بھی ہے۔سندھ اور بلوچستان کے لیے نئے مقامی حکومتوں کے نظام پرمشاورت ابھی نہیں کی گئی،نیا نظام قومی و صوبائی اسمبلیوں سے منظور کرائے جانے کی تجویز تو ہے مگر صدارتی آرڈیننس کاآپشن بھی زیرغورہے۔