صدر کے پروٹول پر احتجاج کرنے والے شہریوں کیخلاف مقدمہ درج

کراچی: صدر مملکت کے وی آئی پی پروٹوکول کے خلاف آواز اٹھانے پر شہریوں کے خلاف 2 مقدمات درج کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ شب صدرِ مملکت عارف علوی کی آمد و رفت کے لیے ٹریفک روک دی گئی۔ ایک شہری نے راستوں کی بندش کے خلاف آواز اٹھائی تو ٹریفک پولیس اہلکار ہتھے سے اکھڑ گئے۔پولیس اہلکاروں نے نہ صرف نامعلوم شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ الٹا اس کیخلاف کار سرکار میں مداخلت اور دیگر افراد کو اکسانے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کرلیا۔
صدر مملکت کے قافلے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں دوسرا مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں فکس اٹ کے کارکنوں کیخلاف درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 16 ستمبر کو نرسری بس اسٹاپ کے قریب فکس اٹ کے کارکنوں نے پروٹوکول میں مداخلت کی۔ فکس اٹ کی شرٹس پہنے افراد اچانک سڑک پر آئے اور وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے روکی گئی ٹریفک کو نکالنے کی کوشش کی۔