راولپنڈی:شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ اداکردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ راولپنڈی گیریژن میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے جہاں شہداء کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقوں غرلامائی اور سپرا کنرالگد میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 7 اہلکار شہید ہوئے جن میں کیپٹن جنید، حوالدار عامر، حوالدار عاطف، حوالدار ناصر، حوالدار عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل ہیں۔