لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، نواز شریف قوم کا پیسہ واپس کر دیں توانکے ساتھ لڑائی ختم ہو جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں اربوں روپے خرچ کیے لیکن ایک بارش ہی سب کچھ بے نقاب کر دیتی ہے، 8 ارب صرف میٹرو بسوں کو چلانے کے لیے حکومت پنجاب کو دینے پڑتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت (ن) لیگ سے مختلف ہو، وزیراعظم کی جانب سے وزراء کو ٹارگٹ دئیے جارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہاکہ موجودہ بلدیاتی نظام آرٹیکل 140 اے کے خلاف ہے، یہ نظام آئین کی بنیادی شرط کو پورا نہیں کرتا، اس کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اب بلدیاتی نظام سادہ اور براہ راست ہوگا، ڈسٹرکٹ میئر اور تحصیل میئر کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے، پنجاب اور کے پی کے کی حکومتوں نے 48 گھنٹے مانگے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، پاکستان نے بھارت کو امن کی پیشکش کی لیکن بھارت میں یہ سوچ ہے کہ پاکستان کو کمزور کر کے آگے نکل جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں، مودی اندرونی اسکینڈلز میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ اپنے اسکینڈلز سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔