لاہور: موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے سابق وزیراعظم اور تاحیات قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے مدد مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے راجہ ظفر الحق کی قیادت میں وفد پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کی رہائشگاہ پہنچا ہے،وفد میں چوہدری تنویر، طارق فضل چوہدری اور انجم عقیل شامل ہیں جہاں راجہ ظفرالحق نے نواز شریف کا پیغام پیپلز پارٹی تک پہنچا دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے تحت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مؤثر انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے، اس لیے ن لیگی وفد نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے لئے پیپلز پارٹی ن لیگ کا ساتھ دے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کی بھی پیشکش ہے۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی نیر حسین بخاری نے ن لیگ کی پیش کش پر کہا کہ ن لیگ کا مؤقف پارٹی قیادت تک پہنچاوں گا، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بھی آپ سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔نیر بخاری کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے سے متعلق جلد آگاہ کروں گا لیکن جس پارٹی کا امیدوار رنراپ ہے وہی امیدوار لانا چاہیے، صوبہ وار امیدواروں کی فہرستیں بنائی جائیں۔