بھارتی آبی جارحیت، دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی چھوڑ دیا

لاہور: بھارتی آرمی چیف کی شر انگیزی پر مبنی بیان کے بعد بھارتی حکومت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت مسترد کر کے بھارت نے اپنا اصل چہرہ واضح کر دیا، اب نالہ ڈیک میں اچانک پانی چھوڑ کر پاکستان کے لیے سیلاب کی کیفیت پیدا کر دی۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد نالہ ڈیک میں چھور کے مقام پر 21 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، جب کہ پسرور، کنگرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ریڈ الرٹ جاری ہونے کے باوجود محکمۂ انہار اور تحصیل انتظامیہ موقع سے غائب ہے، دوسری طرف حافظ آباد میں پی ڈی ایم اے نے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
حافظ آباد میں ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات نہیں کیے، ضلعی انتظامیہ کا کوئی افسر دریائے چناب پر نہیں پہنچا۔
ہیڈ قادر آباد سے 22 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس کی وجہ سے متعلقہ علاقے خطرے سے دوچار ہو گئے ہیں، تاہم انتظامیہ تاحال نہیں جاگی۔
خیال رہے کہ آج بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے خطرے کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تھا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے۔
چناب میں سیلاب سے سیالکوٹ اور گجرات متاثرہو سکتے ہیں جب کہ گجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، مظفر گڑھ اور ملتان بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔